اگرتلہ،09 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)تریپورہ کے وزیر اعلی بپلب دیب دفاعی انداز میں آگئے ہیں۔ دو دن پہلے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے حامیوں کی جانب سے ’بپلب ہٹاؤ،بی جے پی بچاؤ‘ کے نعرے لگائے گئے تھے، جس کے بعد وزیر اعلی کا کہنا ہے کہ انہیں اس واقعے پر شدید رنج ہے اور وہ خود لوگوں سے ملاقات کرکے ان کے خیالات معلوم کریں کہ انہیں اپنے عہدے پر قائم رہنا چاہئے یا نہیں۔
بپلب دیب نے کہا کہ اتوار کے روز وہ اپنی ریاست کے لوگوں سے ایک پروگرام میں ملاقات کریں گے، جو عوام کے لئے کھلا ہوگا اور وہ پوچھیں گے کہ لوگ انہیں عہدے پردیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ دیب نے منگل کے روز اگرتلہ میں عجلت میں طلب کی گئی پریس کانفرنس میں کہا کہ میں جاؤں یا رہوں، یہ آپ پر منحصر ہے۔
اپنا مینڈیٹ دیں میں اتوار کودوپہر 2 بجے ویویکانند گراؤنڈ میں رہوں گا۔ آپ جو بھی کہیں گے وہ ہائی کمان کے پاس پہنچایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس نعرے سے تکلیف ہوئی ہے۔ میری صرف غلطی یہ ہے کہ میں ریاست کی ترقی کے لئے پرعزم ہوں۔ میرے پاس صرف پانچ سال ہیں، میں کوئی 30 سال تک کام کرنے والا سرکاری افسر نہیں ہوں۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز تری پورہ گیسٹ ہاؤس کے قریب سیکڑوں افراد جمع ہوگئے تھے، جہاں بی جے پی کے نئے مقرر کردہ سپروائزر ونود سرکار ریاستی قائدین سے گفتگو کر رہے تھے۔ عوام نے یہاں ’بپلب ہٹاؤ-بی جے پی بچاؤ‘ کے نعرے لگانا شروع کردیئے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ مظاہرہ بپلب دیب کی بی جے پی،آئی پی ایف ٹی اتحاد کو سنبھالنے میں ناکامی کے سبب پیدا ہونے والی ناراضگی کی وجہ سے ہوا ہے۔